ہر صحابی دین کا شہباز ہے

ہر صحابی دین کا شہباز ہے

مصطفی ؐ کا ہر صحابی دین کا شہباز ہے

سب صحابہؓ پر امام الانبیاءؐ کو ناز ہے

سب صحابہ گلستانِ مصطفی کے پھول ہیں

اُن کی خوشبو ہر طرف ہر دم کرشمہ ساز ہے

جابجا کرتا ہے قرآں خوبیاں ان کی بیاں

ہر صحابی ہر صفت میں کس قدر ممتاز ہے

بوبکرؓ، فاروقؓ و عثمانؓ و علیؓ حق چار یار

دینِ نبوی کی اشاعت سب کا ٹھہرا کاز ہے

صدق و عدل وجود و حکمت کیا عجب اوصاف ہیں

ان کی ہر خوبی نبیؐ کی بزم کا اعجاز ہے

سوئی تک قربان کر کے ٹاٹ اوڑھا جسم پر

عشقِ نبوی میں عجب صدیقؓ کا انداز ہے

مسجدِ نبوی کے منبر پر کہا یا ساریہ

لے گئی فوراً ہوا فاروقؓ کی آواز ہے

شاہِ بطحاؐ کے صحابہؓ کا ہے تو مدحت سرا

تجھ کو عبّاسیؔ ! ملا کتنا بڑا اعزاز ہے