ہدایت کے روشن منارے صحابہؓ

نجومِ ہدایت

ہدایت کے روشن منارے صحابہؓ

نبیؐ کے درخشاں ستارے صحابہؓ

خدا کا وہ لشکر، نبی کے سپاہی

کسی معرکہ میں نہ ہارے صحابہؓ

علومِ نبوت سے سینے منور

نجومِ ہدایت ہیں سارے صحابہؓ

وہ زہد و اطاعت میں بے مثل سارے

تھے حق و صداقت کے نعرے صحابہؓ

وہ پاکیزہ اخلاق و تقویٰ کے پیکر

کہ از خود خدا نے سنوارے صحابہؓ

صداقت ، عدالت ، سخاوت ، شجاعت

عجب خوبیوں کے نظارے صحابہؓ

وہ قرآن کے ترجمان و مفسر

تھے فقہ و سنن کے ادارے صحابہؓ

عزیمت کے راہی، وفا کی علامت

تھے اخلاص کے استعارے صحابہؓ

حیا کے وہ پتلے، سراپا شرافت

تھے رشکِ ملائک ہمارے صحابہؓ

جمیلؔ ان پہ سنی فدا ہوں نہ کیونکر

ہیں جب ان کو جاں سے بھی پیارے صحابہؓ

جمیل الرحمن عباسی