رضائے حق پر جو سر کٹا دے جو گھر لٹا کر بھی دیں بچا لے کسی بھی ماں نے جنا نہیں ہے دلیر بیٹا حسین ؓ جیسا

وفا نژاد و یقین زاد و ابو الارادہ حسین ؓ جیسا

نہ کوئی دنیا میں ہو سکا ہے نہ ہو سکے گا حسین ؓ جیسا

رضائے حق پر جو سر کٹا دے جو گھر لٹا کر بھی دیں بچا لے

کسی بھی ماں نے جنا نہیں ہے دلیر بیٹا حسین ؓ جیسا

حضورﷺ طائف میں سرخرو تھے ، حسینؓ فاتح ہے کربلا میں

کسی کا نانا نہیں نبی سا ، نہ ہے نواسہ حسین ؓ جیسا

ہو جس کے قبضے میں بحرِ کوثر مگر وہ شاکر ہو تشنگی پر

دیارِ تشنہ لباں میں ایسا ہے کون پیاسا حسین ؓ جیسا

شجاعتوں میں شہادتوں میں امامتوں میں سخاوتوں میں

نہ تھا کسی کا نہ ہے نہ ہو گا مقام اونچھا حسین ؓ جیسا

جو حریّت کا سبق پڑھاتا ، جو آدمیّت کے گُر سیکھاتا

ملا نہ پھر امتِ نبی کو امام ایسا حسین ؓ جیسا

زمانہ جس کی مثال دیتا ، جو ظالموں کے خلاف اٹھتا

عرب عجم میں ہوا نہیں اک بھی مرد پیدا حسین ؓ جیسا

قسم خدا کی کوئی گھرانا نہ دے سکا ہے نہ دے سکے گا

مثال ذبحِ عظیم جیسی ، کمال فدیہ حسین ؓ جیسا

یزیدیت کو مزا چکھا دیں ، ستم شعاروں کی جڑ مٹا دیں

بہ فیضِ نسبت عطا ہو یا رب ! ہمیں بھی جذبہ حسین ؓ جیسا

اندھیری شب کا طلسم توڑے ، جو قریے قریے کو نور بخشے

خدایا کشمیر میں بھی اترے کوئی ستارا حسینؓ جیسا

نہ خوفِ زنداں نہ خوفِ مقتل نہ خوفِ دنیا نہ خوفِ محشر

زہے مقدر ہم ایسے تنکوں کا ہے سہارا حسین ؓ جیسا

ابو الحمیّت ، ابو الشہادت ، ابو الشجاعت ، ابو المحبت

اسی کے سارے لقب ہیں کاشرؔ ہو کام جس کا حسین ؓ جیسا

شوزیب کاشرؔ

مدح ِاصحاب واہل بیت پر دل نشین اشعار

ایک بہترین تحفہ۔۔۔آج ہی چینل میں آئیے

اور لطف اندوز ہوں ۔👇👇👇👇

🔷🔶🔹🔸

https://t.me/joinchat/AAAAAFIs1MsZrZbsC8uS9Q